فرخ آباد،06 فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اترپردیش میں پہلے مرحلے کی پولنگ میں ایک ہفتے سے بھی کم کا وقت باقی رہ گیا ہے ایسے میں بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے مسلمان ووٹروں کو اپنا ووٹ ضائع نہ کرنے کی نصیحت دیتے ہوئے بی ایس پی کی جھولی بھرنے کی اپیل کی ہے۔مایاوتی نے فرخ آباد کی انتخابی ریلی میں براۂ راست مسلمانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں۔ بی ایس پی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتی ہوئیں مایاوتی نے کہا کہ ملائم سنگھ نے اپنے چھوٹے بھائی شیو پال کو ذلیل کیا ہے اور ایسے میں شیوپال اس کا بدلہ لیں گے۔ اس طرح سماج وادی پارٹی جیتنے والی نہیں ہے لہذا مسلمان ایس پی کی حمایت کرکے اپنا ووٹ ضائع نہ کریں۔آپ کو بتا دیں کہ اس الیکشن میں شروع سے ہی مایاوتی کی نظر مسلم ووٹوں پر ہے اور انہوں نے صوبے کا اقتدار حاصل کرنے کے لئے دوسری جماعتوں کے مقابلے مسلمانوں کو سب سے زیادہ 100 نشستیں دی ہیں۔اس کے ساتھ ہی مایاوتی اکھلیش حکومت پر جم کر برسیں اور کہا کہ صوبے میں عدم تحفظ اور دہشت کا ماحول ہے۔حال یہ ہے کہ صوبے میں دبنگوں کو زیڈ اور وائی زمرے کی سیکورٹی دی گئی ہے اور اس میں مرکزی حکومت برابر کی شریک ہے۔اس نے دبنگوں کی حفاظت بڑھائی ہے۔ترقی کے معاملے پر اکھلیش حکومت پر چوٹ کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی کام ٹھپ پڑا ہوا ہے اور جو کام ہوئے ہیں وہ آدھے ادھورے ہیں۔عوامی مفاد کے معاملات پر حکومت کی ناکامی شمارکراتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ اس حکومت نے اس سمت میں کوئی کام نہیں کیا ہے اور جو اسکیمیں میری حکومت کے دوران شروع کی گئی تھیں اسی کا نام بدل کر آگے بڑھا دیا گیا ہے. یہ حکومت کوئی نئی اسکیم لانے میں ناکام رہی ہے۔کانگریس سماج وادی پارٹی کے اتحاد پر حملہ کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ کانگریس اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی مرکز کے اقتدار سے باہر ہوئی ہے اور اب اس کی نظر یوپی کے اقتدار پر ہے۔